• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الشفاء ٹرسٹ چکوال آئی ہسپتال کا توسیعی بلاک15 کروڑ کی لاگت سے مکمل

راولپنڈی ( خصوصی نمائندہ )الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال نے چکوال آئی ہسپتال میں توسیعی بلاک کی تعمیر مکمل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب یہ ہسپتال روزانہ ڈھائی سو کی بجائے پانچ سو مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولت فراہم کر سکے گا۔ الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کے صدر میجر جنرل (ریٹائرڈ) رحمت خان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کیلیفورنیا میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی ڈاکٹر ناصر بازجن کا تعلق چکوال کے ایک گاؤں سے ہے نے ہسپتال میں سہولیات بڑھانے اور انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے لئے پندرہ کروڑ روپے کا عطیہ دیا جس کی مدد سے ٹرسٹ نے دو سال میں ہسپتال کی توسیع اور اپ گریڈیشن مکمل کر لی۔جنرل رحمت خان نے کہا کہ اب چکوال ہسپتال روزانہ 500 مریضوں کو علاج اور چوبیس گھنٹے ایمرجنسی سروس دے رہا ہے۔ ریٹنا اور گلوکوما کی سرجریوں کی تعداد بھی یومیہ 40 تک پہنچ گئی ہے اور گلوکوما کے ان 30 سے 40 مریضوں کا روزانہ علاج بھی کیا جا رہا ہے جنہیں سرجری کی ضرورت نہیں ۔چکوال کے دیہات میں مریضوں کے علاج کے لئے ایک آؤٹ ریچ ٹیم کی تعیناتی کر دی گئی ہے جو سکول کے بچوں کی آنکھوں کی اسکریننگ بھی کرتی ہے ۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ 30 سال میں ٹرسٹ نے 30 ملین مریضوں کا مفت علاج کیا جس کی مالیت 13 ارب روپے ہے۔ مفت علاج میں گلوکوما، ریٹنا اور کینسر کے لیے ہزاروں سرجری بھی شامل ہیں۔
اسلام آباد سے مزید