کراچی (افضل ندیم ڈوگر) پشاور ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران آتشزدگی کا شکار ہونے والے سعودی ایئر لائن کے طیارہ کو 12دن بعد مرمت کے بعد فعال کردیا گیا ہے جسے پشاور سے جدہ پہنچا دیا گیا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سعودی ایئر لائن کا ایئر بس اے 330 طیارہ سعودی دارالحکومت ریاض سے پرواز ایس وی 792 کے طور پر 11 جولائی کی صبح پشاور پہنچا تھا۔ پشاور ایئرپورٹ پر اترنے کے دوران طیارے کے لینڈنگ گیئر میں آگ لگ گئی تھی۔ ایئر ٹریفک کنٹرول پشاور نے فوری کاروائی کرتے ہوئے طیارے کو رن وے پر ہی رکوایا اور ایمرجنسی ڈیکلیئر کرکے طیارے میں سوار 276 مسافروں اور عملے کے 21 ارکان کو سلائیڈز کے ہنگامی راستوں سے طیارے سے باحفاظت نکال لیا تھا۔