کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران سے کسی بھی بات کی توقع کی جاسکتی ہے کل باہر آکر بھی کہہ دیں گے غلطی ہوئی ہے معافی دیدیں، بانی پی ٹی آئی اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتے وہ اقتدار کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی سے متعلق جو بھی کرنا چاہ رہی ہے یقین ہے ہم سے مشورہ کرے گی۔ پی ٹی آئی کا رویہ سیاسی جماعت والا نہیں ہے، ان کی سوچ یہ ہے کہ میں ہوں تو ریاست ہے پاکستان ہے، ملک پر کلہاڑی چلاتے ہوئے یہ اپنی جڑیں خود کاٹ رہے ہیں، پی ٹی آئی مارو یامرجاؤ کی سیاست پر چل پڑی ہے، ان کیلئے اپنے سوا کوئی صراط مستقیم نہیں ہے،سینئر صحافی دی نیوز مہتاب حیدر نے کہا کہ حکومت کیلئے دو ایشوز بہت زیادہ اہم ہیں، ایک چینی آئی پی پیز کا قرضہ ہے جنہیں 2036ء تک 15.4بلین ڈالرز ادا کرنے ہیں۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اسد قیصر کو اپنے علاقے میں سگریٹوں پر 300ارب روپے کی ٹیکس چوری بند کروانی چاہئے، شبر رضوی ٹی وی پر کہتے تھے کہ اسد قیصر انہیں سگریٹ پر ٹیکس چوروں کیخلاف اقدامات نہ کرنے کیلئے کہتے تھے، اسد قیصر ان چوروں سے 200ارب روپے ہی دلوادیں تو بجلی کے بل کم کردیں گے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے آج بھوک ہڑتال کی مگر لوگ اکٹھے نہیں ہوئے انہیں ہڑتال ملتوی کرنی پڑی، عمران خان آج مانتے ہیں کہ جی ایچ کیو کے باہر احتجاج کی کال دی، عمران خان شاطر آدمی ہے معافی تلافی کیلئے یہ بیان دیا ہے، ساری دنیا جانتی ہے جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاؤس کون لوگ گئے، پاکستان کی تاریخ میں بڑے خوفناک رجحانات سامنے مگر نو مئی سے زیادہ خطرناک رجحان کبھی پیدا نہیں ہوا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان سے کسی بھی بات کی توقع کی جاسکتی ہے، یہ شیخ رشید،پرویز الٰہی اور مولانا فضل الرحمٰن کو کیا نہیں کہتے تھے بعد میں انہی کو جھپا مار لیا، ہر وہ شخص جس کے بارے میں نازیبا گفتگو کی بانی پی ٹی آئی اس کے پاؤں پر گرے۔