کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق کے سوال کیا تحریک انصاف کا بھوک ہڑتالی کیمپ، مطالبات کی منظوری کیلئے دباؤ ڈال پائے گا؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ عمران خان کو بھوک ہڑتال کا مشورہ غلط ہے، بھوک ہڑتالی کیمپ سے کوئی دباؤ نہیں پڑے گا.
سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سسٹم سے کھلم کھلا بغاوت نہیں کررہی ہے، وہ سسٹم کے ساتھ چلناچاہتے ہیں لیکن سسٹم بھی انہیں چلانے کی کوشش کرے، پی ٹی آئی کو 9مئی سمیت اپنی دیگر غلطیوں سے نکلنا چاہئے، سلیم صافی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو زیادہ نقصان انہی لوگوں نے پہنچایا جو بیرون ملک جاکر بیٹھ گئے ہیں
ریما عمر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مطالبات بہت سنجیدہ ہیں۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ شاہ محمودقریشی کا 9مئی میں کوئی کردار نہیں ہے، پی ٹی آئی خواتین کیلئے سزا کے بعد بھی کوئی ہمدردی نہیں تو کم از کم ان کا اسپیڈی ٹرائل کردیں، ان خواتین میں کوئی فریال تالپور یا مریم نواز نہیں کہ آصف زرداری اور نواز شریف کو دکھ ہو، عمران خان کو بھوک ہڑتال کا مشورہ غلط ہے، بھوک ہڑتالی کیمپ سے کوئی دباؤ نہیں پڑے گا، اسلام آبا دہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں درخواست دائر کردی گئی ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف درخواست بھی ایک دو دن میں دائر کردی جائے گی۔