اسلام آباد (قاسم عباسی) ایف آئی اے کی سالانہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے 2023 میں 2400 سے زائد مجرموں سے تقریباً 16 ارب روپے برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے تھے۔ ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن ونگ نے 7 ارب روپے اور اکنامک کرائم ونگ نے 8 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی جبکہ اینٹی منی لانڈرنگ نے سال 2023 میں 29 ملین روپے اور امیگریشن ونگ نے 380ملین روپے سے زائد کی ریکوری کی۔ مزید یہ کہ سال 2023 کے دوران ایف آئی اے امیگریشن نے 19.64ملین مسافروں کو بین الاقوامی آمد اور روانگی کی چیک پوسٹوں پر کارروائی کی۔ 2023 میں کُل 9.29 ملین مسافر پاکستان آئے جن میں سے 7.13 ملین پاکستانی اور 2.16 ملین غیر ملکی تھے۔ جبکہ 10.34ملین مسافروں میں سے 8.12 ملین پاکستانی شہری اور 2.22 ملین غیر ملکی پاکستان سے روانہ ہوئے۔ ایف آئی اے کے انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم نے سال کے دوران 2935 اسٹاپ لسٹ میچ کیسز کا کامیابی سے پتہ لگایا۔ انسانی سمگلروں / سمگلروں کے خلاف مہم میں ایف آئی اے نے ملک بھر میں خصوصی کارروائیاں کرتے ہوئے 1602 انسانی اسمگلروں / سمگلروں کو گرفتار کیا اور 25 انتہائی مطلوب انسانی سمگلرز / سمگلروں کو گرفتار کیا۔ اس کے علاوہ سائبر کرائم ونگ نے سال 2023 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سائبر کرائم ونگ نے 18484 انکوائریاں اور 1374 مقدمات درج کئے۔ سائبر کرائم ونگ نے 882 مقدمات کے چالان ٹرائل کورٹس میں جمع کرائے۔ اس دوران ٹرائل کورٹس نے 92 مقدمات میں ملزمان کو سزائیں سنائیں۔