اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد محمد افضل مجوکا نے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کے خلاف ایف آئی اے کی اپیل واپس لیے جانے پر نمٹا دی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران صنم جاوید عدالت پیش ہوئی اور حاضری لگوائی۔ اس موقع پر صنم جاوید نے جج محمد افضل مجوکا سے کہا کہ عدت کیس میں آپ نے احسان کیا، آپ کا شکریہ۔ جج محمد افضل مجوکا نے کہا کہ میں نے انصاف کیا، کسی پر احسان نہیں کیا، وکلا آتے رہے، انہوں نے دلائل دیے، میں نے قانون کے مطابق فیصلہ سنایا۔ صنم جاوید حاضری لگوانے کے بعد عدالت سے روانہ ہوگئی۔ بعد ازاں ایف آئی اے ہراسیکیوٹر شیخ عامر عدالت پیش ہوئے اور اپیل واپس لینے کی استدعا کی،جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالت نے اپیل واپس لیے جانے پر نمٹا دی۔