اسلام آباد (نمائندہ جنگ)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کرسچن میرج (ترمیمی) ایکٹ 2024پر منگل کو یہاں ایوان صدر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران دستخط کردیئے، ایکٹ کے تحت مسیحی مردوں اور عورتوں کی شادی کی عمر 18 سال کردی گئی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے تمام سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے ملازمت کے کوٹہ میں مزید اضافہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں حکومت کو خط لکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اقلیتیں ملک کے مساوی شہری ہیں اور انہیں یکساں حقوق حاصل ہیں،کرسچن میرج (ترمیمی) ایکٹ 2024 کے تحت 1872 کے کرسچن میرج ایکٹ کے سیکشن 60 میں ترمیم کی گئی ہے، ترامیم سے پہلے شادی کرنے کا ارادہ رکھنے والے مسیحی مردوں اور عورتوں کی عمریں بالترتیب 16اور 13سال سے زیادہ ہونی چاہئے تھیں۔