کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت کو مسئلے کو حل کرنا ہے تو بجلی کے بل کم کرے، حکومت یہ چیزیں ٹھیک کرے تو ہمیں دھرنے دینے کا کوئی شوق نہیں ہے یہ پچیس کروڑ لوگوں کا مطالبہ ہے کہ آئی پی پیز کو لگام دی جائے، آئی پی پیز سے معاہدوں پر دوبارہ بات چیت کر کے قوم پر اربوں روپے کا بوجھ ختم کیا جائے،تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین نے کہا کہ عمران خان کا آرمی چیف کو مثبت پیغام دینا اچھی بات ہے ہم اس سے محبت کرتے ہیں، فوج کے ساتھ ہمیں اس کے سوا کوئی شکایت نہیں کہ چند اشخاص یا چند آفیشلز سیاست میں ملوث ہیں، عوام جسے اپنا نمائندہ منتخب کریں انہیں ہی حق حکمرانی ہونا چاہئے،ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ احتجاج کی اجازت قانون اور ضابطوں کے مطابق دی جاتی ہے، احتجاج اورا نتشار میں فرق ہونا چاہئے، جماعت اسلامی نے ڈی چوک پر فلسطین کیلئے کئی ہفتے احتجاج کیا ہے، ہم وہاں روز ان سے بات کرتے اور سمجھاتے تھے، جماعت اسلامی سے اس بار بھی بات کی گئی، مسئلہ یہ ہے کہ یہ اپنی مرضی حکومت پر تھوپنا چاہتے ہیں۔