• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل نسل کشی کا مرتکب، عالمی برادری کٹہرے میں لائے، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کے علاقے خان یونس میں جاری اسرائیلی فورسز کی پرتشدد کارروائیوں کی شدید مذمت اور گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اسرائیلی فورسز فلسطینیوں کی نسل کشی کے سنگین جرم کا ارتکاب کر رہی ہیں، فلسطین میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ، عالمی عدالتی انصاف کے حالیہ فیصلے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے،عالمی برادری اسرائیل کے جنگی جرائم کا محاسبہ کرتے ہوئے اسے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے ، وزیراعظم نے کہا کہ اب تک پاکستان ائیر فورس کے 6 جہازوں کے ذریعے 1200 ٹن اور 3 بحری جہازوں کے ذریعے 1500 ٹن امدادی سامان فلسطین بھجوایا جا چکا ہے۔ پاکستان کے میڈیکل کالجز میں فلسطین کے میڈیکل کے طلباء کے لیے خصوصی انتظام کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھ سکیں ، پاکستانی حکومت اور عوام اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہیں،علاوہ ازیں وزیراعظم نےضلع کرم میں دہشتگردوں کے پولیس تھانے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت،حملے میں شہید ہونے والے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکار کو خراج عقیدت پیش اور بلندی ء درجات کی دعاء کی، وزیراعظم نےشہید کے خاندان سے اظہار تعزیت ،زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے،وزیراعظم نےزخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم متزلزل نہیں کرسکتیں۔ 

اہم خبریں سے مزید