• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ جی بی نے گلگت میں الشفاء آئی ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے ہفتہ کو گلگت میں الشفاء ٹرسٹ کے جدید آئی ہاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس ہسپتال کے ذریعے مقامی آبادی کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات مفت فراہم کی جائینگی۔ تقریب میں روپانی فائونڈیشن کے چیئرمین‘ اراکین پارلیمنٹ‘ فورس کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل کاشف خلیل سمیت ڈونرز نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ الشفاء ٹرسٹ کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان‘ چیف آف میڈیکل سروسز ڈاکٹر واجد علی خان اور پروجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈئر (ر) ارشد بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ گلبر خان‘ روپانی فائونڈیشن کے چیئرمین اور دیگر نے کہا کہ اس سے قبل گلگت بلتستان کے عوام آنکھوں کے علاج کی سہولیات سے محروم تھے اور انہیں اسلام آباد جانا پڑتا تھا۔ یہ ہسپتال جی بی کے 14اضلاع میں رہنے والے 18لاکھ افراد کو سہولیات پہنچائے گا۔ اس علاقہ میں 10سے 15فیصد افراد غربت‘ شدید موسم اور نامساعد حالات زندگی کی وجہ سے مسائل سے دوچار ہیں۔ شاہراہ قراقرم پر 20کنال رقبے پر قائم ہونیوالا یہ ہسپتال مقامی لوگوں کی پہنچ میں ہو گا۔ میجر جنرل (ر) رحمت خان نے کہا کہ ہسپتال میں یومیہ 150او پی ڈی مریضوں کا علاج اور 50افراد کی سرجری ہو سکے گی۔ جدید ہسپتال پر 355ملین لاگت آئیگی اور یہ 2026ء کے آخر میں مکمل ہو جائیگا۔
اسلام آباد سے مزید