راولپنڈی (نمائندہ جنگ) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ عوام مہنگی بجلی اور مہنگے پٹرول کی وجہ سے تکلیف میں مبتلا ہیں۔ بجلی کا بل ادا کرنے کے بعد مزدور خاندانوں کے پاس کھانے کے لئے کچھ نہیں بچتا، چھوٹی انڈسٹری اور چھوٹے کاروبار بند ہو چکے ہیں۔ بیروزگاری کا جن بوتل سے باہر نکل آیا ہے حکومت کو مہنگی بجلی کے مسئلہ پر بات کرنا پڑے گی، تشدد، پکڑ دھکڑ اور مار کٹائی سے مسئلہ حل نہیں ہو گا اور نہ ہی اب لوگ مزید صبر کر سکتے ہیں ان کے سامنے ان کے بچے بھوک اور فاقوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ کئے جانے والے ظالمانہ معاہدے اب ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ ان کمپنیوں کے مالکان کون ہیں اور ان کے ساتھ تیس، تیس سال کے معاہدے کیوں کئے گئے۔