گھوٹکی(اقبال صدیقی)گھوٹکی کے قریب تھانہ آندل سندرانی کی حدود میں ڈاکوؤں کا پولیس پکٹ پر حملہ، جدید اسلحہ سے فائرنگ کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے، پولیس اور ڈاکووں میں فائرنگ، دو ڈاکووں کو زخمی کرنے کا دعویٰ، واقعہ کے بعد ڈاکو فرار، شہید ہونیوالے دو پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔بچا بند کی پولیس پکٹ نمبر47پر ڈاکوؤں کے حملے میں شہید ہونیوالے دو پولیس اہلکاروں عبدالقادر مہر اور ظہیر احمد تھہیم کی نماز جنازہ پولیس لائن میرپور ماتھیلو میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں ایس پی گھوٹکی سمیر نور چنہ، ڈی ایس پی گھوٹکی احمد بخش راہوجو، رینجرز کے جوانوں، شہریوں، سیاسی سماجی رہنماؤں سمیت پولیس کے جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد پولیس کے خصوصی دستے نے شہید اہلکاروں کو سلامی پیش کی اور ایس پی گھوٹکی نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ایس پی گھوٹکی سمیر نور چنہ نے شہید اہلکاروں کے ورثاء سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گھوٹکی میں امن و امان کی صورتحال کو بھتر بنانے کے لیے پولیس کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دیے ہیں، ڈاکووں کے مکمل خاتمے تک پولیس چین سے نہیں بیھٹے گی ۔