گوادر(جنگ نیوز)گوادر میں دھرنا جاری ہے اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی ، خواتین ،بچوں سمیت بڑی تعداد میں زائرین بارڈر پر پھنس گئے ،کھانے پینے کی اشیا کی شدید قلت ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق گوادر میں دھرنے اور ہڑتال کے باعث خواتین اور بچوں سمیت زائرین کی بڑی تعداد پاک ایران بارڈر پر پھنس گئی۔
گوادر اور مستونگ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دھرنے کے باعث انتظامیہ نے گوادرکے داخلی اور خارجی راستے بند کر رکھے ہیں، مکران کوسٹل ہائی وے ایم 8 سمیت تمام شاہراہیں بند ہیں۔
کوئٹہ میں بھی ممکنہ احتجاج کے پیش نظر ریڈ زون اور اطراف کی سڑکیں عام آمدورفت کے لیے چوتھے روز بھی سیل ہیں۔
ڈپٹی کمشنرگوادر کا کہنا ہے کہ دھرنے اور احتجاج کے باعث، گوادرسےحب تک مکران کوسٹل ہائی وے بلاک ہے، احتجاج اور دھرنے کے باعث زائرین کی بڑی تعداد بارڈر پر پھس گئی ہے۔