کراچی(اسٹاف رپورٹر/ آن لائن )حکومت نے پاکستان اسٹیل کی چار ہزار ایکڑ اراضی چینی سرمایہ کاروں کو دینے کا فیصلہ کرلیا، اسٹیل مل کی زمین پر چائنیز اسپیشل ایکسپورٹ اکنامک زون قائم کیا جائے گا۔یہ بات سندھ کے وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے ایک وفد سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں پاکستان اسٹیل کی اراضی فروخت ہو تو سندھ حکومت کو اس کا حصہ ملنا چاہیے کیونکہ اسٹیل مل کی زمین سندھ حکومت کی ملکیت ہے اور حکومت سندھ نے یہ زمین صرف اسٹیل مل کے قیام کے لیے دی تھی۔صوبائی وزیر تجارت وصنعت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ اسٹیل مل کی زمین سندھ حکومت کی ملکیت ہے،سندھ حکومت نے یہ زمین صرف اسٹیل مل لگانے کے لیے دی تھی۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے اسٹیل مل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں خود لگانے اور چلانے کا فیصلہ بھی کیا ہے تاہم جہاں تک اسٹیل مل کے واجبات کی بات ہے تو اسٹیل مل کے تمام واجبات کی ذمہ داری وفاق کی ہے۔