راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سرقہ بالجبر ، چوری ،نقب زنی اور راہ زنی کی441 وارداتوں میں شہری9گاڑیوں 138موٹر سائیکلوں 2رکشوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز اور نقدی سے محروم ہوگئے ،ایس ایس پی آپریشنزکے حکم پر 15پر موصول ہونے والی تمام زیرالتواکالوں پر مقدمات درج کرلئے گئے۔ وفاقی دارالحکومت میں 19وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی ، زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ8 موٹر سائیکل اڑا لئے گئے ،2موٹر سائیکل، 3موبائل فونز اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی۔تھانہ گنج منڈی کے علاقہ اکال گڑھ میں 2ملزمان اسلحہ کی نوک پر رئیس سے 20ہزارروپے اور موبائل،تھانہ نصیرآباد کے علاقہ سادا روڈ پر2موٹرسائیکل سواراسلحہ کی نوک پر محمد آفتاب کا رکشہ اور16سو روپے، تھانہ ریس کورس کے علاقہ ڈھوک چودھریاں میں نامعلوم لڑکا چھری مارنے کی دھمکی دے کر بختاور علی وغیرہ سے 2موبائل اور11 ہزار 999روپے چھین لے گیا۔ تھانہ ریس کورس کے علاقہ میں کوکب خواجہ زوجہ بریگیڈیر خالد بشیر اپنی کار میں صدر جارہی تھیں جسکو ڈرائیور چلارہاتھا ، پشاورروڈ سگنل پر گاڑی رکی تو اچانک دو نامعلوم موٹرسائیکل سوار ان کاپرس چھین کرفرارہوگئے جس میں 2موبائل اوراڑھائی لاکھ روپے تھے۔ فیز8میں صبا منیر کے گھر کے تالے توڑ کر 5لاکھ80ہزارروپے اور سونا مالیتی 5لاکھ روپے چوری کرلیاگیا۔ تھانہ ترنول اور کورال سے اسلحہ کی نوک پر دوموٹر سائیکل چھین لئے گئے ۔ دارالحکومت میں 7 گھروں کے تالے ٹوٹ گئے۔