کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیرس اولمپکس گیمز میں بدھ کو امریکا نے میڈلز ٹیبل پر چین سے پہلی پوزیشن چھین لی،24گولڈ،32سلوراور32 برنز میڈل کے ساتھ ٹاپ پر پہنچ گیا، تمغوں کی دوڑ میں چین دوسرے جبکہ آسٹریلیا تیسری پوزیشن پر ہے،اولمپکس گیمز میں46ملکوں کے کھلاڑی گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوچکے ہیں،پولینڈ نے امریکا کو ہرا کر مردوں کے والی بال فائنل میں رسائی حاصل کرلی، ہاکی کے سیمی فائنل میں جرمنی نے بھارت کو شکست دے دی،آسٹریلیا کے کیگن پامر نے مینز پارک اسکیٹ بورڈ ٹائٹل کو برقرار رکھتے ہوئے گولد میڈل جیت لیا۔چین کے لی فیبن نے ویٹ لفٹنگ میں اپنا 61 کلو گرام کا اولمپک ٹائٹل برقرار رکھا ،31 سالہ نوجوان نے مجموعی طور پر 310 کلوگرام وزن اٹھایا۔فاعی چیمپئن نیدرلینڈز نے بدھ کو ارجنٹائن کو شکست دے کر خواتین کے اولمپک ہاکی فائنل میں جگہ بنا لی۔جمعہ کو فائنل میں اس کا مقابلہ چین اور بیلجیم میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔کیوبا کے ریسلر مائین لوپیز مسلسل پانچ اولمپک ایڈیشنز کے ایک ہی ایونٹ کے گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پلیئر بن گئے۔مائین لوپیز نے پیرس اولمپکس میں گریکو رومن ریسلنگ میں سپر ہیوی ویٹ کا گولڈ میڈل جیتا۔کوئی دوسرا ایتھلیٹ انفرادی مقابلوں میں مسلسل چار ایڈیشنز سے زیادہ گولڈ میڈلز نہیں جیت پایا ہے۔کیوبن ریسلیر نے 2008، 2012، 2016 اور 2020 کے اولمپکس مقابلوں میں بھی گولڈ میڈلز جیتے تھے۔ آسٹریلین خواتین باسکٹ بال ٹیم نے کوارٹر فائنل میں برطانیہ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔اسپین نے مراتھن ریس واک مکسڈ ریلے اولمپک ٹائٹل جیت لیا، ان کی جوڑی الوارو مارٹن اور ماریا پیریز نے 2 گھنٹے 50 منٹ 30 سیکنڈ میں فاصلہ طے کیا۔ایکواڈور آسٹریلیا نے سلور اور برانز میڈل جیتے۔