کراچی ( اسٹاف رپورٹر) قومی فضائی کمپنی پی آئی اے نے کوئٹہ سے جدہ کے لئے براہ راست دو طرفہ پروازوں کا آغاز کر دیا ۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی کوئٹہ سے جدہ کی پہلی براہ راست پرواز پی کے 767کوئٹہ ایئرپورٹ سے141 مسافروں کو لے کر منگل کی رات روانہ ہوئی ۔پی آئی اے کوئٹہ سے جدہ کے لئے ہفتہ وار 2 پروازیں چلائے گی۔براہ راست پروازوں کے آغاز پرکوئٹہ ایئرپورٹ پر تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل اوردیگر اعلیٰ حکام نے مسافروں کا استقبال کیا۔مسافروں نے کوئٹہ جدہ پرواز شروع کرنے پر پی آئی اے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ مسافروں کے پاس اب پاکستان کے دیگر شہروں سے جدّہ کے لئے پی آئی اے پروازوں کے علاوہ عمرہ کے لیے کوئٹہ سے براہ راست جدہ جانے کی سہولت میسر آگئی ہے۔