اسلام آباد (محمد صالح ظافر) الیکشن ایکٹ مجریہ 2017ء کے خلاف تحریک انصاف نے اس کی ترامیم کو لیکر سپریم کورٹ میں اس کے قانون بننے سے پہلے درخواست دائر کردی ہے جس میں عدالت عظمی سے ازخود نوٹس لینے کی استدعا کی گئی ہے اس درخواست پر فاضل عدالت میں جلد کارروائی کاامکان نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن نے خاطر خواہ غور و خوض کے بعد عدالت عظمیٰ میں الگ آئینی درخواست پیش کردی ہے جس کے باعث توقع ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں تحریک انصاف کو خصوصی نشستیں ملنے کا معاملہ طویل عرصے کے لئے معرض التوا میں چلا گیا ہے اسی اثناء میں عدالتی اصلاحات کے لئے مسودے کی تیاری پر تیزی سے کام شروع کردیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس کل (جمعہ) غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہوجائیں گے تاہم ارکان کوآئندہ اجلاس سے پہلے عجلت میں عندالضرورت فوری اجلاس کے لئے تیار رہنے کیلئے آگاہ کردیا گیا ہے۔ پارلیمانی کیلنڈر کی رو سے یہ اجلاس اب آئندہ ماہ کے وسط میں بلائے جانا ہیں تاہم مہنگائی، امن و امان اور شہریوں کی مشکلات کا جائزہ لینے اور اہم فیصلوں کے لئے اس دوران اجلاس طلب کئے جانے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔