اسلام آباد (جنگ نیوز) پاکستان چائنا بزنس فورم کے چیئرمین اعجاز شیخ کی قیادت میں 13رکنی چینی تجارتی وفد نے بدھ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ چینی وفد نے پاکستان میں کاروباری مواقع سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد نے فائیو اسٹار ہوٹلوں میں قیام کی شرط اور آمد و رفت کیلئے بلٹ پروف گاڑیوں کے استعمال سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی تمام مسائل کو وزیراعظم، وزیر داخلہ اور دیگر حکام کے نوٹس میں لائے گی تاکہ چینی سرمایہ کاری اور کاروبار میں آسانی پیدا کی جا سکے۔ آئی سی سی آئی کے کونسل ممبر ناصر قریشی‘ سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری‘ سابق صدر طارق صادق اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ خالد محمود چوہدری‘ امیر حمزہ‘ سیف الرحمان‘ رضوان چنہ‘ وسیم چوہدری‘ ملک بشیر اعوان‘ زاہد قریشی‘ ناصر چوہدری‘ راجہ فیاض‘ ملک محسن خالد اور دیگر موجود تھے۔