ملتان، میاں چنوں (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار) تعلیمی بورڈ ملتان کے سپورٹس کمپلیکس کو ارشد ندیم سے موسوم کرنیکا فیصلہ، اولمپیئن ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ان کی فیملی اور دوست احباب لاہور کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، تفصیل کے مطابق گائوں 101 پندرہ ایل سے روانہ ہونے والا قافلہ میاں چنوں شہر میں ارشد ندیم کے کوچ رشید احمد ساقی کے پاس پہنچا، رشید ساقی نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پرامید تھا کہ ارشد ندیم مکمل فٹ ہے اور گولڈ میڈل ساتھ لے کر آئے گا، متعدد بسوں اور کاروں پر مشتمل یہ قافلہ لاہور ایئرپورٹ پر ارشد ندیم کا استقبال کرے گا، اولمپیئن ارشد ندیم آج رات ایک بجے لاہور ایئر پورٹ پہنچیں گے، چیئرمین بورڈ حافظ محمد قاسم، سیکریٹری بورڈ خرم شہزاد، اسلم قریشی اور ملک نثار احمد نے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ارشد ندیم کا تعلیمی بورڈ ملتان کے کھیلوں میں شرکت کا دستاویزی ریکارڈ پیش کیا، انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کے پیرس اولمپکس 2024 میں تاریخ ساز کارنامہ اور جیولین تھرو کا 118 سالہ ریکارڈ توڑنے پر تعلیمی بورڈ ملتان کھیلوں کے اس عظیم سپوت کی خدمات کو بورڈ کی انتظامیہ زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ملتان بورڈ سپورٹس کمپلیکس کا نام ارشد ندیم سپورٹس کمپلیکس رکھنے کا اعلان کر رہے ہیں، نام کی تبدیلی کی منظوری ملتان بورڈ کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں حاصل کی جائے گی، اس سلسلے میں تعلیمی بورڈ ملتان کے گورننگ بورڈ کا ہنگامی اجلاس 16؍ اگست کو طلب کر لیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ کی انتظامیہ یہ معلومات کھیلوں اور تعلیم سے وابستہ حلقوں میں شیئر کرتے ہوئے فخر محسوس کرتی ہے کہ ارشد ندیم 2011 سے 2013 کے دوران تعلیمی بورڈ ملتان کے زیراہتمام مسلسل دو برس منعقدہ ایتھلیٹکس گیمز میں نہ صرف شرکت کر چکے ہیں بلکہ انہوں نے بورڈ کی انٹرسکولز بوئز ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کا بہترین ایتھلیٹ بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا، رواں برس ہونے والے آل پاکستان انٹر-بورڈز ایتھلیٹکس 24-2023 مقابلوں میں ارشد ندیم کے چھوٹے بھائی نے بھی تعلیمی بورڈ ملتان کی نمائندگی کی اور میڈل بھی جیتا۔