لاہور(ایجنسیاں)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے لیے اقلیتوں نے اپنا بھرپور کردا ر ادا کیا‘ہم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی و خوشحالی کے لیے پر عزم ہیں ‘ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ظلم کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی ‘غزہ میں مظالم کی وجہ سے جشن آزادی کی خوشیاں ماند پڑگئی ہیں‘فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت پر عالمی خاموشی افسوس ناک ہے‘دنیا میں امن کے قیام کے لیے قائم کئے گئے عالمی اداروں کی قراردادوں کی رتی برابر بھی حیثیت نہیں رہی‘ اقوام عالم غزہ میں جنگ بندی میں اپنا فعال کردار ادا کریں‘پاک فوج کے افسران و جوان پاکستان کی سرزمین کو فتنہ الخوارج سے پاک کر رہے ہیں ‘ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔پورا یقین ہے کہ ہم اتحاد و اتفاق سے جلد اس ملک کو ترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن کر لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے چند روز پہلے وادی تیراہ میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کاروائی میں زخمی ہونے والے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کی بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ لی ہمارے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پوری قوم کا فخر ہیں۔علاوہ ازیں اتوارکو ماڈل ٹاؤن لاہور میں اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہناتھاکہ غزہ میں جنگ بندی اور دنیا میں قیام امن کے لیے اسرائیل کو جارحیت سے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔قیام پاکستان اور ملکی ترقی میں اقلیتوں کے مثبت کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ، عیسائی، ہندو ، سکھ ،پارسی و دیگر اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے مختلف شعبہ جات میں اپنی خدمات سر انجام دیتے ہوئے ملکی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا ہے‘مسیحی برادری کے مشنری سکولز جہاں پر77سالوں میں ہزاروں، لاکھوں بچوں اور بچیوں نے اعلی تعلیم حاصل کی یہ مسیحی برادری کی پاکستان کے لئے امن کے وقت بڑی شمولیت ہے۔