لاہور( نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اقلیتوں کے دن پر کہا ہے کہ ”اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں“،اقلیتوں کے دن کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز نے کہا قائد اعظمؒ نے ہر شہری کو اپنی عبادت گاہ میں جانے کیلئے آزاد قرار دیا تھا،ہر شہری برابر ہے، پاکستان سب کا ہے اور سب کے لئے جنت ارضی کے مترادف ہے،اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، اقلیتی برادریوں کے تمام بھائی اور بہنوں کو تعلیم اور روزگار کے مساوی مواقع میسر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی تقریر کے روڈ میپ میں اقلیتوں کو سر کا تاج قرار دیا، ایسٹر پر مریم آباد کے چرچ میں مسیحی برادری سے مل کر ایسٹر کا تہوار منایا گیا، پہلی مرتبہ ایسٹر پر 10ہزار مسیحی خاندانوں کو عیدی دی، وساکھی پر کرتارپور جا کر گندم کاٹی اور سنگت کا لنگر کھایا،مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کو دنیا بھر میں سکھ آنند کارج میرج ایکٹ نافذ کرنے والا پہلا صوبہ ہونے کا اعزاز ہے، ہندو میرج ایکٹ اور کرسچن پرسنل لاز پر کام جاری ہے، جلد اسمبلی میں لائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پہلی مرتبہ اقلیتی برادری کیلئے پنجاب میں 2ارب 85کروڑ روپے کا ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا، اقلیتی نوجوانوں کے لئے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹہ یقینی بنایا جا رہا ہے ، وزیر اعلی ٰ کی ہدایت پر صوبہ بھر میں ”پلانٹ اے ٹری فار پاکستان“ کے تحت شجرکاری کی جائے گی۔راولپنڈی سے لاہور تک آزادی فلوٹ 13اگست کی رات مینار پاکستان پہنچے گا۔آزادی فلوٹ پر چاروں صوبوں کی ثقافتی نمائندگی، آزاد کشمیر کی پارلیمنٹ اور گلگت بلتستان کی ایمبوریک مسجد کا ماڈل دکھایا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر تمام اضلاع کے درمیان پلانٹیشن میراتھن مقابلے ہونگے،مینار پاکستان پر ادبی مشاعرہ اور میوزیکل کنسرٹ بھی ہوگا۔