کراچی(نیوز ایجنسیاں) سابق وزیراعظم اور بانی عوام پاکستان پارٹی شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ جس ملک میں الیکشن چوری ہو وہاں سیاسی استحکام نہیں آسکتا، آئین توڑ کر الیکشن چوری کئے جاتے ہیں، آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے آئین کا احترام کریں، آج ہر ایک اہلکار، جج، حکمران، فوجی آئین توڑتا ہے،حکومت ناکام ہوچکی ہے جس ملک میں انصاف نہیں ہوگا وہاں کچھ نہیں ہوسکتا، تقریب سے خطاب میں انہوں نے نے کہا کہ آج ہم نے ایوان کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے، آئی پی پیز نہیں اصل مسئلہ معیشت کی کمزوری ہے، ڈالر 100سے بڑھ کر 300روپے تک چلا گیا ہے۔ ہم نے پارٹی منشور نہیں پاکستان کے واضح مسائل کے حوالے سے ویژن ڈاکومنٹ بنایا ہے، جس میں عوامی مسائل اور اس کے حل بھی رکھے ہیں، عوام کو سب سے پہلے رکھنا ہوگا، عوام کو سہولتیں ،بجلی، پانی، گیس اور روزگار دینا ہوگا، حکمرانوں کو اقتدار کی فکر جبکہ عوام پریشان ہیں۔ لیڈر شپ وہ ہوتی ہے جو مسائل کا حل نکالے، آنے والے دنوں میں پانی کا بڑا مسئلہ ہوگا۔