اسلام آباد (نمائندہ جنگ) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا بے مثل باب ہے، ملکی سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ صدر مملکت آصف علی زردار ی نے 77ویں یوم آزادی کے موقع اپنے پیغام میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یومِ آزادی حقِ خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے، ایک پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے ہم پاکستان کیلئےقربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کے اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کو بروئے کار لائیں، ہمیں قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا،آج ہمیں آزادی کا جشن مناتے ہوئے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے آج قوم اپنے آباؤاجداد اور تحریک پاکستان کے لاتعداد گمنام ہیروز کی بے پناہ قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، پاکستان کے بانیوں کی بے لوث اور مسلسل جدوجہد کی بدولت پاکستان ان کٹھن مشکلات سے نبرد آزما ہوا۔