لاہور ( نمائندہ جنگ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اولمپک ہیرو ارشد ندیم کے گھر جاکر انہیں 10کروڑ کا چیک اور کار کا تحفہ دیا، وزیراعلیٰ نے 92.97 نمبر کی کار دی،والدہ کو گلے لگا کر مبارک باد، اہلخانہ اور بچوں سے ملاقات، ساتھ بٹھایا ، تصاویر،سیلفیاں بنوائیں، کوچ سلمان اقبال کو بھی انعام کے طور پر 50لاکھ کا چیک دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے خودمیاں چنوں کے نواحی گاؤں 101 پندرہ ایل میں ان کے گھر گئیں، ارشد ندیم اور اہل خانہ نے پر خلوص استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ارشد ندیم کی والدہ محترمہ رضیہ پروین کو گلے لگایا اور مبارکباد پیش کی ،اپنے ساتھ بٹھایا اور کافی دیر باتیں کرتی رہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ارشد ندیم کے دوسرے اہل خانہ ،اہلیہ ،بچوں سے بھی ملاقات کی،مبارکباد دی اور ان کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنوائیں۔ اولمپئین ارشد ندیم نے اولمپکس مقابلوں کی یاد تازہ کی اور اپنی کاوش سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ارشد ندیم کو 10 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا اور ان کی تھرو کے ریکارڈ 92.97 کے مطابق انھیں اسی نمبر کی کار کی چابی پیش کی، کوچ سلمان اقبال بٹ کو بھی پچاس لاکھ روپے کا چیک دیا اور ارشد ندیم کے کوچ اور استاد کو بھی شاباش دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ارشد ندیم نے قوم کو بے مثال خوشی سے ہمکنار کیا۔ ارشد ندیم اور انکے والدین نے وزیر اعلیٰ کی آمد کو عزت افزائی قرار دیا۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر، معاون خصوصی ذیشان ملک ایم پی اے ثانیہ عاشق، عامر حیات ہراج، پیر اسلم بودلہ،چیف سیکرٹری، اے سی ایس ساوتھ،اے آئی جی ساوتھ،سیکرٹری سپورٹس،کمشنر، آر پی او، ڈپٹی کمشنراور دیگر بھی موجود تھے۔