کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جیولین تھرور ارشد ندیم کو بنگلہ دیش کے خلاف پنڈی ٹیسٹ کے دوران گولڈ میڈل اور جیولین کے ساتھ ڈریسنگ روم آنے کی دعوت دی ہے۔کپتان شان مسعود اور ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی جانب سے انہیں دعوت دی گئی ہے کہ وہ پاکستانی کرکٹرز کو اپنے جیت کے سفر کے بارے میں بتائیں۔ دونوں نے کہا ہے کہ ارشد ندیم پاکستان ٹیم کے ڈریسنگ روم میں آئیں اور اپنی اس کامیابی کے بارے میں کھلاڑیوں سے شیئر کریں جس سے کھلاڑیوں کو بھی حوصلہ ملے گا۔ جیسن گلیسپی نے کہا کہ بہت سی چیزوں کو آپ کنٹرول نہیں کرسکتے۔ ہم صرف یہ کنٹرول کرسکتے ہیں کہ ڈریسنگ روم میں ایسا ماحول قائم کرسکیں کہ کھلاڑیوں کے لیے محفوظ جگہ ہو ۔