راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)10ماہ بعد راولپنڈی پولیس کو سرکاری ایندھن کی فراہمی شروع کردی گئی ۔ذرائع کے مطابق پی ایس او کو واجب الادارقم کی ادائیگی کے بعد راولپنڈی پولیس کی گاڑیوں کو پٹرول اور ڈیزل کی فراہمی شروع کردی گئی اور ملازمین کے لئے فیول کارڈزبھی بحال کردئیے گئے ہیں۔ ذرائع کاکہناہے کہ تقریباًدسماہ سے پولیس کی گاڑیوں کو سرکاری ایندھن کی فراہمی بند تھی اورپٹرولنگ ڈیوٹی کرنے والے پولیس افسر ان اپنی مدد آپ کے تحت ایندھن کابندوبست کرکے کام چلارہے تھے ۔راولپنڈی پولیس کو نئے مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لئے گزشتہ ماہ کے اواخرمیں 2ارب 30کروڑ روپے جاری ہوئے تھے جس سے ایندھن کی مد میں بقایاجات کی ادائیگی کی گئی ۔ادھر سپیشل برانچ کے ملازمین کے کو اب بھی جزوی طورپر ایندھن فراہم کیاجارہا ہے۔بعض ملازمین نے بتایاکہ موٹرسائیکل کے لئے ایک ماہ میں کبھی 10 لٹر اور کبھی 15 لٹر کی پرچی تھمادی جاتی ہے جب کہ گاڑی کے لئے60سے 70 لٹردیاجاتاہےجو ان کی ضروریات سے بہت کم ہے ، تاحال فیول کارڈزپر فیول کی فراہمی شروع نہیں ہوسکی۔