• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنرل فیض حمید نے اکتوبر میں مجھ سے معافی مانگی تھی، اسحاق ڈار

اسلام آباد (فاروق اقدس)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خود کو جنرل (ر) فیض حمید کے متاثرین میں شامل کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے مجھ سے اکتوبر میں باضابطہ طور پر معافی بھی مانگ لی تھی، انہوں نے فیض حمید کی گرفتاری کو ایک معجزہ قرار دیتے ہوئے کہا یہ اللہ ہی کی طاقت ہے جو ناممکن کو بھی ممکن بنا دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعہ کو اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں جنرل (ر) فیض کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے، یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک معجزہ تھا، اس معجزے پر حیران ہوں، پہلی مرتبہ اس طرح کی کوئی چیزیں ہوئی ہیں، یہ 2011 کا پراجیکٹ تھا جس کا اختتام ہوا ، 2014 کا دھرنا بھی ناکام ہوا اور معیشت بھی خراب ہوئی ، ہم آج تک اس کے نقصانات بھگت رہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے انکشاف کیا فیض حمید نے اکتوبر کے وسط میں مجھ سے زیادتی پر معافی مانگی۔ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ جوائنٹ سیکرٹری یوکے دورے کے دوران اہلخانہ ساتھ لےکرگیا، جوائنٹ سیکرٹری کی بیوی اور چار بچوں نے سیاسی پناہ لی، پارلیمنٹ کے افسران کو دفتر خارجہ آئندہ ویزا کے حوالے سے کوئی سہولت فراہم نہیں کرے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو ویزوں کے حوالے سے سہولت بدستور فراہم کی جائے گی، ارکان پارلیمنٹ کی فیملی کو سہولت ملے گی دوستوں اور محلے داروں کو نہیں، سینٹ پارلیمانی وفود کے بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کر دی ، حالیہ ایک دورے میں پانچ افراد غائب ہو گئے ، ایسی حرکات سے ملک کی بدنامی ہوتی ہے۔
اہم خبریں سے مزید