• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی صارفین کو ستمبر کے بلوں میں اضافی چارجز کے بعد ریلیف ملے گا

اسلام آبا (خالد مصطفیٰ/اسرار خان) بجلی صارفین کو ستمبر کے بلوں میں اضافی چارجز کے بعد ریلیف ملے گا، نیپرا ڈسکوز کو 0.31 روپے فی یونٹ صارفین کو واپس کرنے کی ہدایت کرے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق توقع ہے کہ پاکستان میں بجلی کے صارفین کو ان کے ستمبر 2024 کے بلوں میں ریلیف ملے گا جیسا کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) ممکنہ طور پر سرکاری پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کو جولائی 2024میں لاگو اضافی چارجز کے لئے 0.3142 روپے فی یونٹ واپس کرنے کی ہدایت کرے گا۔

 یہ ماہانہ بجلی کے بلوں پر ایک سال سے زیادہ اہم اضافی چارجز کے بعد ہے۔ سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی (سی پی پی اے جی) نے نیپرا کے پاس درخواست جمع کرائی ہے جس میں ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جولائی کے مہینے کے لیے ٹیرف میں 0.3142 روپے فی یونٹ کمی کی درخواست کی گئی ہے۔ نیپرا 28 اگست 2024 کو سی پی پی اے جی کی جانب سے جمع کرائے گئے جولائی 2024 میں مقامی اور درآمدی ایندھن کے استعمال کے اعداد و شمار کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کے لیے سماعت کرے گا۔ 

سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق جولائی کے مہینے میں 14411 گیگا واٹ آور کی خالص بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال ہونے والی ایندھن کی اصل قیمت 9.0378 روپے فی یونٹ رہی جو کہ ریگولیٹر کی جانب سے مقرر کردہ 9.3520 روپے فی یونٹ کی قیمت کے مقابلے میں ٹیرف میں 0.3142روپے فی یونٹ کی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ جولائی کے مہینے میں 5.341 گیگا واٹ آور کی ہائیڈرو جنریشن کی گئی جو کہ کل پیدواوار کا 35.89 فیصد تھا۔

 تاہم ایندھن کے طور پر مقامی کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی 1506گیگا واٹ آور رہی، جو جولائی 2024 کے مہینے میں پیدا ہونے والی بجلی کا فی 10.12 ہے۔

 مقامی گیس پر مبنی بجلی کی فیول قیمت 11.32 روپے فی یونٹ رہی۔ تاہم درآمدی کوئلے پر مبنی بجلی 1137 گیگا واٹ آور تھی جو 16.20 روپے فی یونٹ کی لاگت سے 7.64 فیصد ہے۔

 درخواست میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے کہ فرنس آئل سے پیدا ہونے والی بجلی کی قیمت 30.965روپے فی یونٹ ہے جو کہ پچھلے مہینے میں 31.6روپے تھی۔

 ایران سے درآمدی بجلی کی قیمت 26.6597 روپے سے کم ہوکر 25.1575 روپے فی یونٹ تھی جبکہ آر ایل این جی پر مبنی پاور پلانٹس سے پیداوار 26.328 روپے کے مقابلے میں 24.887 روپے فی یونٹ لاگت آئی۔ 

مقامی کوئلے کی پیداوار کی لاگت 11.3296روپے فی یونٹ ہے، جوکہ 11.029 روپے سے زیادہ ہے جبکہ درآمدی کوئلے کی پیداوار کی لاگت 16.2روپے فی یونٹ ہے جوکہ 15.535 روپے سے زیادہ ہے۔ مزید برآں مقامی قدرتی گیس کی پیداوار کی لاگت 13.7946 روپے فی یونٹ تھی جو پچھلے مہینے کے 13.927 روپے سے تھوڑی کم تھی۔

اہم خبریں سے مزید