کوئٹہ (پ ر)سپریم کورٹ آف پاکستان کوئٹہ رجسٹری کے ایک پریس ریلیز کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات کے دوران سپریم کورٹ رجسٹری کوئٹہ میں عدالت کے بنچ جو جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس ملک شہزاد احمد خان پر مشتمل تھا نے 35 مقدمات کی سماعت کی۔ بینچ نے22 تا 27 جولائی مختلف کیسوں کی سماعت کی۔ عدالت کے ایک اور بنچ نے جس میں جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس جمال خان مندوخیل اورجسٹس ملک شہزاد احمد خان شامل تھے نے29 جولائی تا 2 اگست فوجداری اور دیوانی نوعیت کے 47 مقدمات کی سماعت کی۔ مزید برآں عدالت کے تیسرے بینچ جس میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل تھے نے 12 تا 16 اگست فوجداری اور دیوانی نوعیت کے 42 مقدمات کی سماعت کی۔ اس دوران دیوانی اور فوجداری نوعیت کے کل 270 مقدمات کی ر سماعت ہوئی اور ان میں سے 124 کو نمٹا یا گیا۔