کراچی(اسٹاف رپورٹر)بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے لئے ہفتے کو لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ڈھاکا میں ہنگامہ آرائی کے باعث پی سی بی کی دعوت پر بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے تین دن قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کی۔بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بیٹر مشفق الرحیم نے کہا ہے کہ میں پہلے ٹیسٹ کے لئے مکمل فٹ ہوں بنگلہ دیش اے کی جانب سے بارش کی وجہ سے ہمیں پہلے دو روز پریکٹس کا موقع نہیں مل سکا تھا۔صرف ایک نیٹ سیشن ہوا تھا۔میں انگلی کی تکلیف کے سبب دوسری اننگز میں بیٹنگ نہیں کرسکا لیکن میں پہلا ٹیسٹ کھیلوں گا،ابھی تک بہت اچھا رہا ہے گوکہ یہ میچ ہمارے حق میں نہیں رہا۔ موسم بھی رکاوٹ بنا۔پاکستان شاہینز بہت اچھا کھیلی خصوصاً عمرامین کی بیٹنگ بہت اچھی رہی۔پاکستان شاہینز کے بولرز نسیم شاہ اور محمد علی کی کارکردگی بھی اچھی رہی۔ہماری ٹیم میں نوجوان کھلاڑی ہیں جنہیں یقیناً سیکھنے کا موقع ملا ہوگا۔میں اسلام آباد پہلی بار آیا ہوں یہ خوبصورت ہے اور یہاں سہولتیں بھی اچھی ہیں۔دریں اثناء سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں سلیکٹر اور سابق کپتان محمد یوسف جب اسلام آباد کلب کے گراونڈ میں داخل ہوئے تو مشفق الرحیم اور دیگر بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے ان سے گرم جوشی سے ملاقات کی۔