• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے پیشگی اطلاع دیئے بغیر دریائے راوی، چناب کے اسپل اوورز کھول دیئے، مکینوں کو نقل مکانی کی ہدایت

لاہور (نیوز ایجنسی ) بھارت نے پیشگی اطلاع کے بغیر دریائے راوی اور چناب کے سپل اوورز کھول دیئے جس کی وجہ سے پاکستان میں ہزاروں دیہات اور لاکھوں ایکڑ رقبہ زیر آب آچکا ہے، مرالہ خانکی اور قادر آباد میں اونچے درجے کا سیلاب، ڈی ایم اے نے متعلقہ علاقوں کے مکینوں سے کہا ہے کہ وہ جلد از جلد محفوظ علاقوں میں منتقل ہوجائیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے بغیراطلا ع دئیے اچانک پانی چھوڑ دینے کی وجہ سے پاکستان کو ہنگامی صورتِ حال کا سامنا ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب پر قادر آباد بیراج پر پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کے نتیجے میں پانی کی سطح 2لاکھ کیوسک سے بڑھ کر 2لاکھ 50ہزار کیوسک ہونے کا امکان ہے۔ دریائے راوی میں جسڑ اورشاہدرہ کے مقام پر 40سے55ہزارکیوسک پانی کا بہائو متوقع ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے نچلی سطح پر سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے، پی ڈی ایم اے نے علاقہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز نے ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کے علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات اور سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دے دیا۔ مریم نواز نے مختلف اضلاع میں زیر آب آنے والے نشیبی علاقوں کے مکینوں کی معاونت اور نارووال، سیالکوٹ، شکر گڑھ سمیت دیگر شہروں میں سیلابی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت بھی کردی۔
اہم خبریں سے مزید