راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سابق صدر جنرل ضیاء الحق کی 36ویں برسی ہفتہ کے روز منائی گئی۔ وہ 17اگست1988ء کو بہاولپور کے نزدیک سی 130طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ ان کی برسی کے موقع پر فیصل مسجد کے سبزہ زار میں ان کی آخری آرام گاہ پر دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اور مرحوم ضیاءالحق کے بڑے صاحبزادے اعجاز الحق، ان کے چھوٹے بھائی ضیاء الحق شہید فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر انوار الحق، میاں اعجاز اور پارٹی کارکنوں مرحوم صدر کے چاہنے والوں اور دیگر افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اعجاز الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضیاء الحق شہید کی عالم اسلام کے لئے گراں قدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ضیاء الحق کے دور حکومت میں معیشت مستحکم تھی، مہنگائی کا نام و نشان نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کے لئے عالم اسلام کو یک جا ہوکر آواز اٹھانی چاہئے۔ غزہ میں تاریخ کا بدترین قتل عام کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر جنرل ضیاء الحق کے مرقد پر پھول چڑھائے گئے اور دعا کی گئی۔