کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) ایشین چیمپئنز ٹرافی کیلئے ٹرائلز پیر کو نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں ہوں گے جس کے بعد قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ ٹیم بدھ کو چین روانہ ہوگی، ٹیم نے غیر ملکی ہیڈ کوچ رولینٹ آلٹیمنزکے بغیر ٹریننگ کی۔ٹیم ایونٹ سے قبل چین کے خلاف چار میچوں کی سیریز کے علاوہ کوریا اور ملائیشیا کے ساتھ پریکٹس میچز بھی کھیلے گی۔کوچ محمد عثمان نے جنگ سے بات چیت میں کہا کہ چیمپئنزٹرافی میں اصل مقابلہ بھارت سے ہوگا،موثر حکمت عملی بنائیں گے۔اولمپکس میں شرکت سے اس کی ٹریننگ اچھی نظر آرہی ہے، ایشیا کی چھ ٹاپ ٹیموں کے اس ایونٹ میں شریک ہیں، جن میں زیادہ تر ٹیموں کے خلاف ہم پچھلے دو تین ماہ میں کھیل چکے ہیں اور کامیابی بھی حاصل کی۔ ایونٹ میں پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 8ستمبر کو ملائیشیا کے خلاف میچ سے کرے گی، دس ستمبر کو جنوبی کوریا،11ستمبر کو جاپان ،12کو چین اور14ستمبر کو روایتی حریف بھارت سے مقابلہ کرے گی، فائنل17ستمبر کو کھیلا جائے گا۔