کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کرپٹ نہیں، کراچی کی خرابی میں بہت لوگ شامل ہیں سیلاب زدگان کیلئے گھر بنانے کا بڑا منصوبہ شروع کیا، چاہتا ہوں اپنے کام سے یاد رکھا جائوں ، تھر کے کوئلے کی دریافت اور اسکی ڈویلپمنٹ میں اہم رول رہا ہے،تھر کول کے پلانٹس کی انرجی کی قیمت 5روپے فی یونٹ آرہی ہے، تھرکول پلانٹس سے2640میگا واٹ بجلی پیداہورہی ہے، ہم نے گھر بنانے کا دنیا کاسب سے بڑا منصوبہ شروع کیا ہے،ہم سیلاب زدگان کو 21لاکھ گھر بناکردے رہے ہیں،کراچی کے بارے میں جو گمان پیدا ہوگیا ہے اس میں حقیقت نہیں ہے، کراچی کو خراب کرنے میں بہت سے لوگ شامل رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”ایک دن جیو کے ساتھ“میں میزبان سہیل وڑائچ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں اس سال 200ارب روپے سے زائد خرچ ہوں گے۔پانی، ٹرانسپورٹ،کھیلوں کے میدان اور دیگر منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے۔