اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد)برٹش ہائی کمشنر مس جین میری ایٹ نے اسلام آباد سے ملکہ کوہسار مری جا کر پاکستان مسلم لیگ کے صدر میاں محمد نواز شریف‘ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر برٹش ہائی کمشنر کی پولیٹیکل قونصلر ژوئی ویئر بھی موجود تھیں۔ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی رہائشگا ہ پر ہونے والی یہ ملاقات بیحد خوشگوار ماحول میں ہوئی جو مثبت رہی ,پنجاب کے طلباء کیلئے برطانوی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع بڑھانے پر غورو خوض کیا گیا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات کے دوران کہا کہ پنجاب ڈیجیٹلائزیشن کے دور میں داخل‘ عنقریب لیڈ کرے گا پنجاب میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کیلئے برطانوی اداروں کا خیرمقدم کیا جائیگا۔ انہوں نے آئی ٹی سٹی میں برطانوی اداروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ وہ برطانوی سرمایہ کاروں کو اس کا جائزہ لینے کیلئے کہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں محمد نواز شریف آئی ٹی سٹی‘ ٹوئن ٹاورز کا پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے۔