کراچی(نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے 40سال قبل1984کے اولمپکس گیمز کی فاتح پاکستان ہاکی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے لئے پاکستان آرمی کے زیر سرپرستی پاکستان بھر میں قائم سی ایم ایچ اسپتال سے فری علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، اس بات کا انکشاف 1984اولمپکس گیمز کی فاتح قومی ٹیم کے رکن اور سابق کپتان ناصر علی نے جنگ سے بات چیت میں کیا،انہوں نے بتایا کہ جی ایچ کیو کےآڈیٹوریم میں ہونے والی تقریب میں قومی کھیل ہاکی کے کھلاڑیوں کی جس طرح حوصلہ افزائی کی گئی اس پر سابق کھلاڑی آرمی چیف کے مشکور ہیں،تقریب میں 1984ہاکی ٹیم کے لئے الگ ٹیبل لگائی گئی جس پر فاتح کھلاڑیوں کے ناموں کی تختی بھی لگی ہوئی تھی۔ پاکستان نے اس اولمپکس میں منظور جونیئر مرحوم کی کپتانی میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔