اسلام آباد (ایجنسیاں) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کے رؤف حسن کیساتھ واٹس ایپ پیغامات نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا ،علیمہ خان نے واٹس ایپ سے رؤف حسن کو بشریٰ بی بی سے منسوب ایک پیغام بھیجا، پیغام میں بانی پی ٹی آئی اور جیلر کے درمیان فرضی گفتگو کو بنیاد بنا کر عمران خان کی موت کا پروپیگنڈا کرنے کی کوشش کی گئی ،علیمہ خان نے رؤف حسن کو پیغام میں کہا کہ بشریٰ بی بی کا یہ پیغام احمقانہ ہے، بشریٰ بی بی کا یہ ڈس انفارمیشن سیل لوگوں کو اکسا رہا ہے، اس پیغام کی تشہیر نہ کی جائے اور انہوں نے رؤف حسن کو ہدایت کی کہ بانی پی ٹی آئی کی ایسی کوئی بات بشریٰ بی بی سے نہیں ہوئی۔علیمہ خان نے بشریٰ بی بی سے منسوب جو پیغام رؤف حسن کو بھیجا اس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے احوال کا حوالہ دیا ، بشریٰ بی بی کے پیغام میں کہا گیا کہ جیل میں عمران خان کے ساتھ انہیں اکیلا ملنے نہیں دیا گیا۔پیغام میں کہا گیا کہ مجھے (بانی پی ٹی آئی) کو پتہ ہے کہ تم (جیلر) پر مجھے مارنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے، اگرمجھے (بانی پی ٹی آئی)مارا گیا تو عوام تمہیں (جیلر) کو نہیں چھوڑیں گے۔ بشریٰ بی بی سے منسوب پیغام میں آرمی چیف کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی اور کہا گیا کہ ”میں (بانی پی ٹی آئی)جانتا ہوں کہ میری یہ ساری باتیں عاصم منیر اس وقت سن رہا ہے“۔