راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چودھری محمد یاسین اور پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان کے ہمراہ الپیال ٹرسٹ کے زیر اہتمام چکری روڈ پر بنائے گئے فاطمۃ الزہرہ ہسپتال کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایم این اے وجیہ قمر میڈم افشاں ،ڈاکٹر فروا شرجیل ،چودھری ظفر، چودھری حق نوازبھی ان کےہمراہ تھے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں عوام کے لئے مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ مہنگائی کے اس دور میں اس طرح کے ہسپتال عوام کے لئے ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے زمردخان سےگوجر خان میں بھی فری ہسپتال بنانے کی اپیل کی اور کہا کہ جگہ کی فراہمی میں آپکے ساتھ تعاون کرینگے۔ زمرد خان کا کہنا تھا کہ چکری روڈ پر پاکستان کا ایک بہترین ہسپتال بنانے کی کوشش کی ہے اس ہسپتال میں سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی ۔چودھری محمد یسین نے کہا کہ زمرد خان آزاد کشمیر میں بھی اس طرح کا ہسپتال بنائیں۔تقریب سے ایم این اے وجیہہ قمر و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔