اسلام آباد (فاروق اقدس) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ جے شاہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بلامقابلہ نئے چئیرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق جے شاہ یکم دسمبر 2024سے عہدے کا چارج سنبھالیں گے، آئی سی سی کے موجودہ چیئرمین گریگ بارکلے کے عہدے کی مدت رواں سال نومبر میں ختم ہو رہی ہے۔ اپنے چیئرمین منتخب ہونے پر جے شاہ نے کہا کہ آئی سی سی کے ساتھ کام کرنے کے لئے پرجوش ہوں، کرکٹ کو دنیا بھر میں فروغ دینا ہے، تینوں فارمیٹس کو یکساں اہمیت دینا اہم ہے، کرکٹ میں ٹیکنالوجی کا استعمال اور عالمی ایونٹس کو مارکیٹ میں اعلیٰ سطح پر لے کر جانا ہے۔