کراچی (ایجنسیاں)وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ کراچی میں رہنا بہت مشکل ہے‘ وکلا برادری کو اپنے دفاع کیلئے آرمز لائسنس کے اجرا کی منظوری دیدی ہے۔ کراچی بار کے نئے بار روم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو جب جب خون کی ضرورت پڑی وکلا نے خون دیا ۔وکلا کی سیاسی وابستگیاں ہوسکتی ہیں لیکن کالے کوٹ کا تعلق صرف بار سے ہوتا ہے۔کراچی بار اور سندھ ہائی کورٹ بار کیلئے اراضی الاٹمنٹ کی گزارشات منظور کرلی گئی ہیںتاہم بلاول بھٹو ‘صدرزرداری اور وزیر اعلی سندھ سے اراضی کے چالان کی رقم کی ادائیگی میں مدد کے حوالے سے سفارشات کی جائیں گی۔ ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ سینئروکلا نوجوانوں کو سمجھائیں ، کراچی بار اتنی طاقتور ہے کہ وہ احتجاج کرکے اپنی بات منگوا سکتے ہیں۔ وکیل سے زیادہ قانون پسند کوئی نہیں ہوسکتا۔ کوشش ہے کراچی بار کے تمام وکلا کو پلاٹ فراہم کریں۔