• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینٹ قائمہ کمیٹی ،صحافیوں کے تحفظ کیلئے کمیشن کے قیام کی منظوری

اسلام آباد (طاہر خلیل) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر سید علی ظفر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی نے صحافیوں کے تحفظ کے لئے کمیشن کے قیام کی متفقہ طور پر منظوری دے دی ، کمیٹی نے مزید تجویز دی کہ میڈیا پروفیشنل اور PFUJ کے نمائندے وزارت اطلاعات و نشریات کے ساتھ مل کر ایک مسودہ تیار کریں اور صحافی کی سرکاری تعریف بیان کریں ۔ اجلاس میں معلومات تک رسائی کا حق (ترمیمی) بل، 2023، معلومات تک رسائی کا حق (ترمیمی) بل 2020، برائے صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کا (ترمیمی) بل 2022 کے علاوہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 19 اور 19A کی روشنی میں ہتک عزت کے قانون، مقاصد اور اس کے مستقبل کے حوالے سے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ قائمہ کمیٹی نے سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے متعارف کرائے گئے بل کی شق 20-D سے لیکر تمام شقوں کا جائزہ لیتے ہوئے بل کو متعدد ترامیم کے ساتھ منظور کرلیا۔ اجلاس میں صحافیوں، میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ اور معلومات تک رسائی کے حق سے متعلق ضروری ترمیمی بلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے نامور صحافیوں محمد مالک کے علاوہ الیکٹرک اور پرنٹ میڈیا کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور ترمیمی بلوں پر اپنی تجاویز دیں۔ صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کے حوالے سے کمیٹی نے اتفاق کیا کہ صحافی اور میڈیا پروفیشنلز ریاست کے چوتھے ستون یعنی میڈیا کے نمائندے ہیں لہٰذا ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں جسمانی تشدد، من مانی گرفتاریوں سے تحفظ فراہم کرے۔ قائمہ کمیٹی نے صحافیوں کے تحفظ کے لئے کمیشن کے قیام کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ کمیٹی نے مزید تجویز دی کہ میڈیا پروفیشنل اور PFUJ کے نمائندے وزارت اطلاعات و نشریات کے ساتھ مل کر ایک مسودہ تیار کریں اور صحافی کی سرکاری تعریف بیان کریں۔ کمیٹی نے پنجاب اسمبلی سے منظور کئے گئے متنازعہ ہتک عزت ایکٹ پر بھی بات کی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اس قانون کے ملک گیر اثرات ہیں اس لئے کمیٹی میں اس پر بحث کی ضرورت ہے۔ سینیٹر پرویز رشید نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایک صوبہ قانون بنا چکا ہے ہمیں پنجاب کے ایڈووکیٹ جنرل کو سننا چاہئے۔ کمیٹی نے مشورہ دیا ہے کہ میڈیا پروفیشنلز تمام اسٹیک ہولڈرز کی اتفاق رائے سے اس سلسلے میں ہتک عزت ایکٹ 2002 کا مسودہ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پیش کریں۔ اجلاس میں 10 جولائی 2024 کو ہونے والے کمیٹی اجلاس کے منٹس کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔
اسلام آباد سے مزید