کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا، بیرسٹر سیف نےکہا ہے کہ جو سہولتیں جیل میں نواز شریف اور آصف زرداری کو تھیں وہ بانی پی ٹی آئی کو نہیں ہیں،اس بار بانی پی ٹی آئی نے واضح طور پر کہا ہے کہ چاہے میں بھی کہوں کہ جلسہ کینسل کرو8 ستمبر کو ہر صورت میں جلسہ ہونا ہے،نمائندہ جیو نیوز ،اعزاز سیدنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا جلسہ عمران خان کی رضامندی سے منسوخ ہوا تھا،آہستہ آہستہ عمران خان کے گرد 9مئی کے معاملات میں گھیر ا تنگ ہورہا ہے،سول عدالتوں سے نتائج نہ آئے تو شاید فوجی عدالتوں میں معاملہ جائے گا، میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف190ملین پاؤنڈ کیس پر بالآخر10 سماعتوں کے بعد نیب کے آخری گواہ پر پھر جرح شروع ہوگئی،اڈیالہ جیل میں نئے تبادلوں اور تعیناتیوں کے بعد پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف سختیاں بڑھنے کا دعویٰ کررہی ہے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا، بیرسٹر سیف نے کہا کہ جوڈیشل انکوائری کے لئے کمیشن کا فیصلہ کابینہ کے اجلاس کے بعد ہوگیا تھا۔پشاور ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ آپ کا طریقہ کار درست نہیں۔9 مئی کی تحقیقات پر فیصلہ کیا ہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق خط لکھیں گے۔اگر ہائی کورٹ نے پھر انکار کیا تو ہم خود انکوائری کروائیں گے۔ وزیر قانون نے آج جو بات کی اس وقت تک وہی بات درست تھی۔صوبائی وزیر کی برطرفی کے بعد پارٹی میں آپس میں بیان بازی ہوئی۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ان کو آپس میں بٹھائیں اور اختلافات ختم کریں۔سختیوں کے حوالے سے شکایات پہلے سے تھیں۔بانی پی ٹی آئی سے آج جیل میں ملاقات ہوئی۔ بانی پی ٹی آئی پر جیل میں سختیاں ہیں ان کے کان میں تکلیف ہے۔