• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیسٹ کرکٹ تیز ہوگئی، پاکستان اسٹرائیک ریٹ بڑھائے، مصباح، انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک فرق کم کرنا مقصد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کہتے ہیں کہ کرکٹ تیز ہوگئی ہے، ٹیسٹ میچز میں چار اور پانچ رنز کی اوسط سے اسکور ہورہا ہے، انہوں نے قومی ٹیم کو انٹرنیشنل کرکٹ میں بڑی ٹیموں کے مقابلے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کا معیار بڑھانے کا مشورہ دیا ہے ۔ پی سی بی نے انہیں چیمپئنز ون ڈے کپ میں وولوز ٹیم کا مینٹور مقرر کیا ہے۔ ٹورنامنٹ 12سے 29 ستمبر تک اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔ ایک انٹرویو میں مصباح الحق نے کہا ہے کہ دنیا کی کرکٹ کیساتھ چلنے کیلئے ہمیں بھی انگلینڈ اور آسٹریلیا کی طرح ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہوگی، کھلاڑیوں کو جارحانہ انداز میں کرکٹ کھیلنے کیلئے حوصلہ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بہتر کرنا پہلی ترجیح ہے، ہمارا مقصد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل لیول کا فرق کم کرناہے ، کھلاڑی ڈومیسٹک سے انٹرنیشنل کرکٹ کی طرف جائے تولیول ایک جیسا ہونا چاہیے۔ ادھر مصباح الحق نے وولوز ٹیم کا مینٹور بنائے جانے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ اس نئے رول میں اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔ مصباح الحق کی وولوز ٹیم کو ایونٹ کی تیاری کے لیے فیصل آباد کرکٹ اکیڈمی دی گئی ہے۔ جبکہ شعیب ملک کی اسٹالینز ٹیم اپنی ٹریننگ سیالکوٹ کرکٹ اکیڈمی میں کرے گی۔

اسپورٹس سے مزید