کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق پی ایچ ایف نے 27 کھلاڑیوں اور 6 آفیشلز کے لیے 55 ملین روپے سے زائد کے بجٹ کے ساتھ 60ہزار امریکی ڈالرزکی بھی درخواست کی تھی جو کہ طے عالمی معیار سے کہیں زیادہ اور غیر ضروری تھی، بورڈ نے اس کے بجائے 19 کھلاڑیوں اور 4آفیشلز کے لیے سفری اخراجات دینے کی پیشکش کی تھی۔پی ایس بی نے ہاکی فیڈریشن کے ان بے بنیاد الزامات کی سختی سے تردید کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی ایس بی قومی ہاکی ٹیم کی چین میں ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے فنڈز میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔ پی ایس نے کہا کہ یہ ریکارڈ پر لانا ضروری ہے کہ پی ایچ ایف نے اربوں روپے کے اضافی بجٹ کی درخواست کی۔پی ایچ ایف نے دعویٰ کیا کہ وہ ٹکٹ پہلے ہی بک کر چکے ہیں، جس پر پی ایس بی نے اصل رسیدیں جمع کرانے پر رقم واپس کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ ان الزامات کے برعکس، پی ایس بی نے ماضی قریب میں پہلے ہی خاطر خواہ مالی امداد جاری کی ہے، جس میں 37.5 ملین روپے اور 59.15 ملین روپے مختلف ضروریات کے لیے پی ایچ ایف کو دیئے گئے۔مختص کردہ فنڈز 6 سے 18 ستمبر 2024 تک ٹیم کی شرکت کے لیے تمام ضروری اخراجات کی مکمل کوریج کو یقینی بناتے ہیں۔