کراچی(اسٹاف رپورٹر) سنیئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والی بارشوں سے قبل صوبائی حکومتوں نے نالوں کی صفائی ستھرائی پر کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں شہریوں کو اپنے گھر چھوڑنے پڑے،کراچی میں بارش کے بعد جو صورت حال ہے وہ انتہائی افسوس ناک ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کراچی کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لیں،ملک کا سب بڑا معاشی حب اس وقت کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے،انہوں نے کہا کہ بلڈرز مافیا نے اس شہر کا نقشہ بگاڑ دیا ہے، سیوریج لائن ختم ہوچکی ہیں، سڑ کیں تباہ حال ہیں، جس سے کراچی میں صنعتی سر گرمیاں بھی بری طوح متاثر ہورہی ہیں، بارش سے قبل حکومتوں نے سڑکوں کی استر کاری نہیں کی،نو تعمیر شدہ سڑ کیں بھی جگہ جگہ سے ادھڑ گئیں ہیں اور ان میں گڑھے پڑ گئے ہیں۔