راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونا شروع ہو گیا۔ ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 82ہوگئی۔ شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ کسی علاقے میں انسداد ڈینگی ٹیمیں سپرے کیلئے نہیں آ رہیں جبکہ انتظامیہ صرف جرمانوں کے ذریعے پیسے اکھٹے کرنے پر لگی ہوئی ہے۔ رواں برس انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں اب تک 1758ایف آئی آر درج کرائی جا چکیں۔ 523جگہیں سربمہر، 1717چالان جبکہ اب تک 79 لاکھ 95ہزار روپے جرمانہ کیا جا چکا۔ ادہر ڈینگی سیزن عروج پر آ گیا تو ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک راولپنڈی آفس کو اب انسداد ڈینگی کیلئے تربیت کی یاد آئی ہے۔ گزشتہ روز فوکل پرسنز اور اہلکاروں کی ٹریننگ کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انسدادِ ڈینگی اقدامات کے حوالے سے کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ بعد ازاں انسداد ڈینگی اقدامات کے حوالے سے ٹریننگ بھی دی گئی۔