اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ خداکاخوف کریں، دو بچوں کووراثت سے نکال دیا، کچھ شریعت کاڈر ہونا چاہیے ،یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ 75سال شخص ایک بیٹے اورایک بیٹی کو وراثت سے کیوں محروم کرے گا اور دیگر کو تحفہ دے گا،جیسے ہی75سالہ شخص مرتا ہے تو دعویٰ آجاتا ہے۔ پاکستان بار کونسل کوایسے وکیلوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے جو لوگوں کو وراثت سے محروم کرنے کے حوالے سے مقدمات لڑتے ہیں، ہمیں ساری چیزیں پتہ ہیں کہ کیسے یہ مقدمہ بازی ہوتی ہے،بے بنیاد مقدمہ بازی کی وجہ سے عدالتوں کا وقت ضائع ہوتا ہے اور زیرالتوا مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ غیر ضروری مقدمہ بازی پورے عدالتی نظام کو متاثر کررہی ہے اور یہ مقدمات سپریم کورٹ تک آرہے ہیں۔