اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے )راولپنڈی اسلام آباد سمیت کشمیر، بالائی ،وسطی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا،شمال مشرقی بلوچستان اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارش کے باعث راولپنڈی اسلام آباد ، مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، گلگت بلتستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، شمال مشرقی پنجاب ، کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے ، موسلادھار بارش کے باعث جڑواں شہروں، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے۔لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں سڑکیں بند ہو سکتی ہیں۔