راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)باخبر ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں مزید انتظامی تقسیم کیلئے تین تحصیلوں کو تقسیم کرکے چھ تحصیلیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گوجرخان میں دولتالہ کو تحصیل بنانے کیلئے بھجوائی گئی تجویز تاحال منظور نہیں ہوسکی۔ 15اپریل 2022کو راولپنڈی تحصیل کو تین تحصیلوں میں تقسیم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ تحصیل راولپنڈی کو تین تحصیلوں سٹی،کینٹ اور صدر میں تقسیم کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابقاب ہر تحصیل کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔نئی تحصیلیں سٹی ون ،سٹی ٹو،کینٹ ون،کینٹ ٹو،صدر ون اور صدر ٹو کے نام پر بنائی جائیں گی۔نئی ریونیو تحصیلوں میں361ریونیو حلقوں کو تقسیم کیا گیا۔ ادھر تین تحصیلیں بننے کے باوجود آج بھی محکمہ مال کا اربوں کھربوں روپے کی جائیداد کا ریکارڈ روم بوسیدہ ترین برسوں سے جلی ہوئی عمارت میں قائم ہے۔پرائیویٹ افراد کے ہاتھ میں کنٹرول ہے اورعوام کیلئے آج بھی پٹواریوں اور ریونیو افسران کو ڈھونڈنا مشکل کام ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک تحصیل کو تین کرنے سے بھی عوامی مشکلات بڑھیں۔اب مزید تقسیم سے عوام مزید مشکلات کا شکار ہوں گے جبکہ خزانے پر بھی بوجھ بڑھے گا۔